شاہین شاہ آفریدی لنکا پریمیر لیگ میں کینڈی رائلز کی نمائندگی کریں گے

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی آئندہ لنکا پریمیر لیگ (ایل پی ایل) میں کینڈی رائلز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق ان کا فرنچائز کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کو لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جلد نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد وہ سری لنکا روانہ ہو کر کینڈی رائلز کے اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

شاہین آفریدی کی شمولیت سے کینڈی رائلز کے بولنگ اٹیک کو مزید مضبوطی ملنے کی توقع ہے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اپنی رفتار، سوئنگ اور ابتدائی اوورز میں وکٹیں لینے کی صلاحیت کے باعث عالمی کرکٹ کے خطرناک بولرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ: فرانس نے مراکش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

لنکا پریمیر لیگ کا نیا ایڈیشن 17 جولائی سے سری لنکا میں شروع ہوگا، جس میں مختلف ممالک کے معروف کرکٹرز شرکت کریں گے۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کو امید ہے کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی موجودگی سے ایونٹ کا معیار اور دلچسپی مزید بڑھے گی۔

شاہین شاہ آفریدی اس سے قبل بھی مختلف فرنچائز لیگز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں، جبکہ شائقین کو توقع ہے کہ وہ لنکا پریمیر لیگ میں بھی اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Scroll to Top