جھیل سیف الملوک جانے والے سیاح محتاط رہیں، کلاؤڈ برسٹ الرٹ جاری

این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر جاری الرٹ کے بعد ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے تاحکمِ ثانی بند کر دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق بالاکوٹ، وادی کاغان، ناران، جھیل سیف الملوک اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ موسلادھار بارش اور کلاؤڈ برسٹ کے خطرے کے باعث سیاحوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے الرٹ کے تناظر میں جھیل سیف الملوک روڈ کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے جو حالات معمول پر آنے تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

گزشتہ رات بھی شدید بارش کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ پر واقع نالے میں طغیانی آ گئی تھی جس سے سڑک آمدورفت کے لیے بند ہوگئی تھی۔

کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مشینری نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سڑک بحال کی اور وہاں پھنسے سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا۔

Scroll to Top