پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر کے تمام رجسٹرڈ ڈاکٹروں اور ڈینٹسٹس کے لیے اپنے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی تجدید لازمی قرار دے دی ہے جس کے لیے معالجین کو 6 ماہ کی اندر کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق اس اہم پیش رفت کا بنیادی مقصد مریضوں کا تحفظ، طبی شعبے میں اخلاقی و پیشہ ورانہ معیار کو فروغ دینا اور رجسٹریشن کے تمام ریکارڈ کو جدید اور قابلِ تصدیق بنانا ہے۔
کونسل کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کی باقاعدہ تصدیق سے عطائی پن، جعل سازی اور غیر مجاز طبی پریکٹس کے خاتمے میں بڑی مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ اس عمل سے جہاں اصلی اور رجسٹرڈ ڈاکٹروں کی درست شناخت یقینی ہو گی، وہیں جعلی اسناد اور مرحوم ڈاکٹروں کے رجسٹریشن نمبرز و سرٹیفکیٹس کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام بھی ممکن ہو سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں : گوگل جیمینائی نے 1 ارب ماہانہ صارفین کا سنگ میل عبور کر لیا
پی ایم ڈی سی کے مطابق تجدید کے اس طریقہ کار سے غیر فعال اور پرانے رجسٹریشن ریکارڈز کی نشاندہی ہو سکے گی جس پر بروقت مناسب قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





