انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اوپنر عبداللہ شفیق نے نمایاں پیش رفت کی ہے۔
بابر اعظم پانچ درجے بہتری کے ساتھ 15ویں سے 10ویں نمبر پر پہنچ کر ایک بار پھر ٹاپ 10 کا حصہ بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 193 رنز بنائے اور مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم ستمبر 2024 میں ٹاپ 10 سے باہر ہو گئے تھے، جبکہ دسمبر 2022 میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران وہ اپنے کیریئر کی بہترین یعنی دوسری پوزیشن پر موجود تھے۔
دوسری جانب اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق نے بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 160 اور ناٹ آؤٹ 24 رنز کی پلیئر آف دی میچ اننگز کی بدولت رینکنگ میں 25 درجے کی زبردست پیش رفت کی ہے جس کے بعد وہ 32ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
بولرز کی فہرست میں ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف 19ویں، شاہین شاہ آفریدی 29ویں اور اسپنر ساجد خان 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تمام ڈاکٹروں اور ڈینٹسٹس کے لیے لائسنس کی تجدید لازمی قرار:پی ایم ڈی سی کا بڑا فیصلہ
عالمی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پہلے اور انگلینڈ کے ہیری بروک دوسرے نمبر پر قائم ہیںجبکہ بولنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ کی پہلی اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری کی دوسری پوزیشن برقرار ہے۔





