محمد اعجاز آفریدی
حکومت خیبر پختونخوا کے محکمہ اسٹیبلشمنٹ اینڈ ہیومن ریسورس مینجمنٹ ( ایچ آر ایم )نے صوبائی افسران کےتبادلوں اور تعیناتیوں کے علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد شیراز (پی ایم ایس بی ایس-19) کو فوری طور پر تبادلہ کر کے کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کا نیا ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سابق ڈی جی کے ڈی اے رحمت علی (پی ایم ایس بی ایس-18) کو عہدے سے ہٹا کر ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، خیبر پختونخوا سروس ٹربیونل کے فیصلے کی روشنی میں محکمہ ماہی پروری (فشرز) میں بھی اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سینئر ڈائریکٹر فشرز محمد شفیع مروت (بی پی ایس-20) کو ترقی دے کر ڈائریکٹر جنرل فشرز خیبر پختونخوا مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ سابق ڈی جی فشرز زبیر علی (بی پی ایس-20) کو ان کی جگہ سینئر ڈائریکٹر فشرز تعینات کر دیا گیا ہے۔
محکمہ ایچ آر ایم کے مطابق ان تمام تبادلوں اور تعیناتیوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔





