پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع اللہ جان کو محکمہ سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اضافی قلمدان بھی سونپ دیا گیا ہے۔
محکمہ کابینہ ونگ، خیبرپختونخوا ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 21 اگست 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کے رول 3 کے سب رول (4) کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع اللہ جان کو سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اضافی قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اضافی قلمدان فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور مزید احکامات تک جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: تھانہ ریگی کی حدود میں ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، اسلحہ برآمد
نوٹیفکیشن کی نقول وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری، وزیراعظم کے سیکریٹری، حکومت پاکستان کے سیکریٹری، چیف سیکریٹریز پنجاب، سندھ، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت متعلقہ حکام کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔
اس فیصلے کے بعد شفیع اللہ جان خیبرپختونخوا کابینہ میں دو محکموں کے قلمدان رکھنے والے وزرا میں شامل ہوگئے ہیں۔ صوبائی کابینہ میں مینا خان کے بعد شفیع جان کے پاس بھی دو محکموں کے قلمدان آگئے ہیں۔





