آبنائے ہرمز دوبارہ کھلنے کی امید، خام تیل کی قیمتوں میں کمی

عالمی منڈی میں بدھ کے روز خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد گزشتہ روز کی کمی میں مزید اضافہ ہوگیا۔

تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ ایران کی جانب سے پڑوسی ملک عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان ہے، جس سے سرمایہ کاروں میں اہم آبی گزرگاہ کے دوبارہ کھلنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

برینٹ خام تیل کے مستقبل کے معاہدوں کی قیمت 1.78 ڈالر یعنی 2 فیصد کمی کے بعد 86.80 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت 1.49 ڈالر یعنی 1.8 فیصد کمی کے بعد 80.87 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ دونوں بینچ مارک قیمتوں میں منگل کو بھی 3 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا، روسی میڈیا سے بڑی خبر آگئی

فوجیتومی سیکیورٹیز کے تجزیہ کار میتسورو مورائیشی کے مطابق مارکیٹ اب بھی آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سے متعلق پیش رفت پر ردعمل دے رہی ہے، جبکہ ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت کی امید نے خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھایا ہے۔

ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو منظم کرنے کے لیے گزشتہ کئی ہفتوں سے وقفے وقفے سے مذاکرات جاری ہیں۔ جنگ شروع ہونے سے قبل دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل اسی اہم آبی گزرگاہ سے ہوتی تھی۔

دونوں ممالک نے منگل کو بتایا کہ انہوں نے آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے ایک ’’عارضی مشترکہ بحری راہداری‘‘ پر بات چیت کی ہے، جبکہ آبنائے کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکا نے مشرق وسطیٰ میں بعض سفارتی مشنز کے لیے عملہ واپس بھیجنا شروع کردیا ہے، جنہیں ایران کے ساتھ کشیدگی کے دوران خالی یا محدود کردیا گیا تھا۔

اس پیش رفت سے عندیہ ملتا ہے کہ واشنگٹن کو مستقبل قریب میں ایران کے ساتھ تنازع مزید بڑھنے کا خطرہ نسبتاً کم محسوس ہورہا ہے، تاہم بعض سفارت خانے ابتدائی طور پر محدود عملے کے ساتھ کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پمز ہسپتال کے چلڈرن وارڈ کی نرسری میں آگ، 15 نومولود جاں بحق

امریکا نے پیر کو ایران پر مزید پابندیاں بھی عائد کیں، جن کا مقصد تہران کی اقتصادی آمدنی کے اہم ذرائع کو محدود کرنا ہے۔ واشنگٹن نے ان ممالک کو بھی کارروائی کی دھمکی دی ہے جو ایران کے ساتھ کاروبار جاری رکھیں گے، تاہم فوری طور پر جرمانے عائد نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ادھر منگل کو عمان کے شہر اش شیصہ کے قریب آبنائے ہرمز کے داخلی راستے سے تقریباً 9 بحری میل دور ایک آئل ٹینکر نامعلوم سمت سے آنے والے ایک پروجیکٹائل کی زد میں آکر متاثر ہوا، جس کے بعد جہاز کو سفر سے روک دیا گیا۔ برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے واقعے کی اطلاع دی۔

امریکا میں امریکن پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ (API) کے اعداد و شمار کے مطابق 21 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران خام تیل کے ذخائر میں تقریباً 42 لاکھ بیرل اضافہ ہوا۔ رائٹرز کے سروے میں ماہرین نے اوسطاً صرف 6 لاکھ بیرل اضافے کی توقع ظاہر کی تھی۔

امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (EIA) کے سرکاری اعداد و شمار بدھ کو جاری کیے جائیں گے، جنہیں عالمی تیل منڈی میں طلب اور رسد کی صورتحال کا اندازہ لگانے کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔

Scroll to Top