مظاہرین کا ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی، مندری خیل قبیلے سے ہماری ملکیتی زمین واگزار نہیں کرتے تب تک احتجاجی دھرنا کیمپ جاری رہے گا
خیبر ؛ قبیلہ شیرخان خیل کے مظاہرین نے جمرود بائی پاس پر احتجاجی مظاہرہ ریکارڈ کرایا۔ ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔ مندری خیل قبیلے سے ہماری ملکیتی زمین واگزار نہیں کرتے تب تک احتجاجی دھرنا کیمپ جاری رہے گا۔
قبیلہ شیرخان خیل مشران ضلع خیبر تحصیل جمرود میں کوکی خیل قوم کے تپہ شیر خان خیل گزشتہ تین ماہ سے سراپا احتجاج ہیں مظاہرین نے احتجاجی مظاہرہ ریکارڈ کرایا اور انظامیہ کے خلاف کے نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر ان کے حقوق کے حوالے سے مختلف قسم کے نعرے بھی درج تھے۔
اس موقع پر شیر خان خیل کمیٹی کے چیئرمین محمد شیر نے کہا کہ تپہ مندری خیل نے غنڈی میں ہماری ذاتی زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہے اور عدالت میں بھی مخالفین اپنا مقدمہ ہار چکے ہیں جبکہ عدالت نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے لیکن عدالت کے فیصلے کے باوجود بھی مندری خیل ہمیں اپنی زمین نہیں دیتے جوکہ ہمارے ساتھ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بھی ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔کچھ سال پہلے سابقہ اے سی جمرود اپنے عملے کے ہمراہ ڈیمارکیشن کے لئے گیا تھا لیکن قبیلہ مندری خیل کے کچھ لوگوں نے ان پر پتھراؤ کیاجہاں سے انتظامیہ بھاگ گئی لیکن افسوس کہ انتظامیہ نے قبیلہ مندری خیل کے مشران کے خلاف ایف آئی آرتک درج نہیں کی اور اس کے بعد ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں اس سے صاف ظاہر ہے انہوں نے قبیلہ مندری خیل سے رشوت لی ہے۔
مخالف فریق قبیلہ مندری ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر کے ہمارے مسئلے کو حل کر نے نہیں دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج دھرنا کیمپ جمرود بائی پاس کے قریب پُرامن طریقے سے جاری رہے گا اور اگر انتظامیہ نے ہمیں انصاف نہ دیا اور قابضین سے ہماری زمین واگزار کرنے میں ناکام رہے تو پھر پاک افغان شاہراہ کو بطور احتجاج مکمل طور پر اس وقت تک بند کرینگے جب تک ہمیں اپنا حق نہیں دیا جاتا۔