چارسدہ: محکمہ ایکسائز نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چارسدہ میں 23.46 کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایکسائز انٹیلیجنس اور تھانہ ایکسائز چارسدہ کی مشترکہ ٹیم نے خفیہ اطلاع پر پشتون گھڑی روڈ چارسدہ پر کارروائی کی۔ اس دوران گاڑی نمبر AWA-409 کی تلاشی لی گئی، جس سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 23 ہزار 460 گرام، یعنی 23.46 کلو گرام ہیروئن قبضے میں لے لی گئی، جبکہ ملزم عمر خان ولد گل روز خان کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ملزم کا تعلق خشمو قام، تحصیل ثمر باغ، ضلع لوئر دیر سے بتایا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز چارسدہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں سولر پینل کی مرمت کے دوران کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق
محکمہ ایکسائز کے مطابق وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی ہدایات پر صوبے بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، جبکہ آئس اور ہیروئن سمیت دیگر منشیات کے خاتمے کے لیے صوبہ بھر میں ایکسائز کی مؤثر کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔





