اسلام آباد: پاکستانی طلبا کو امریکا کی معروف جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت نے ایک بڑا تعلیمی پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے دورہ امریکا کے دوران ایم آئی ٹی، ہارورڈ، پرنسٹن، کولمبیا اور جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں پاکستانی طلبا کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع اور تعلیمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکومت پاکستان نے پاکستان فنڈ فار ایجوکیشن کے تحت اس پروگرام کے لیے 1.5 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فنڈ کے ذریعے منتخب پاکستانی طلبا کو عالمی معیار کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حاجی احسان الدین قریشی انتقال کرگئے
رپورٹ کے مطابق اسکالرشپ پروگرام کے تحت طلبا کو سالانہ 29 ہزار امریکی ڈالر تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
پروگرام میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا سائنس، بائیوٹیکنالوجی، زراعت اور پبلک پالیسی سمیت جدید اور اہم شعبوں کو ترجیح حاصل ہوگی۔
وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان اب قابلیت، اہلیت اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کی بنیاد پر عالمی شراکت داری کو فروغ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی پروگرام پاکستانی طلبا کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے اور بین الاقوامی معیار کی تعلیم حاصل کرنے کے مزید مواقع فراہم کریں گے۔





