سلمان یوسفزئی
پشاور: گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 5 حیات آباد میں طلبہ سے صفائی اور مشقت کروانے کا معاملہ سامنے آنے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) پشاور نے پانچ اساتذہ کو معطل کرتے ہوئے واقعے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا۔
سرکاری دستاویز کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) پشاور نے یکم ستمبر 2026 کو سکول کا اچانک دورہ کیا، جہاں معائنے کے دوران بچوں کو مشقت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تدریسی عملے کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
معطل کیے گئے اساتذہ میں مختیار خان (PSHT)، محمد ظہور خان (SPST)، محمد ظہیر الدین (PST)، قسیم اللہ (PST) اور ہلال جاوید (PST) شامل ہیں۔
محکمہ تعلیم نے معاملے کی تفصیلی تحقیقات کے لیے GPMS حیات آباد فیز 3 JICA پشاور کے ہیڈ ماسٹر (SST-G) اشفاق علی شاہ کو انکوائری آفیسر مقرر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی فیئر پرائس فارمیسی میں 3.74 ارب روپے کے مالی نقصان کی نشاندہی
انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر سات روز کے اندر اپنی رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کریں۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ معطلی سے متعلق ضروری اندراج متعلقہ اساتذہ کی سروس بکس (S/Book) میں کیا جائے۔
کارروائی کی نقول ایس ڈی ای او (میل) ٹاؤن-III پشاور، متعلقہ اے ایس ڈی ای او اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق سکولوں میں طلبہ کو صفائی یا کسی بھی قسم کی مشقت کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں، جبکہ بچوں کو محفوظ، باوقار اور تعلیمی ماحول فراہم کرنا محکمہ تعلیم کی ترجیحات میں شامل ہے۔





