یومِ دفاع و شہداء: مساجد میں قرآن خوانی، یادگاروں پر سلامی اور پھولوں کی چادریں

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہداء ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

علماء کرام نے شہدائے وطن کے درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر علماء کرام کا کہنا تھا کہ شہدائے وطن کی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں، وطن کے دفاع اور امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں۔

علماء کرام نے کہا کہ وطن کی سلامتی کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، قوم اپنے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی رہے گی اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے متحد رہے گی۔

مظفرآباد میں یادگارِ شہداء پر پروقار تقریب

یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یادگارِ شہداء پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور اعلیٰ عسکری و سول حکام نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی۔ وزیراعظم نے یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان اور آزاد کشمیر کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

ملتان میں بھی شہداء کو خراجِ عقیدت

ملتان میں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی۔

کمانڈر سدرن کمانڈ نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران، سول انتظامیہ، جوانوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔

راولپنڈی میں یادگارِ شہداء پر تقریب

راولپنڈی میں بھی یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران، سول انتظامیہ، جوانوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی اور پھول رکھے۔ تقریب میں ملکی دفاع کے لیے جانوں کی عظیم قربانی دینے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

گوجرانوالہ میں بھی شہداء کو سلام

گوجرانوالہ کے نشانِ منزل میں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پروقار تقریب ہوئی۔ اعلیٰ فوجی افسران، سول انتظامیہ، جوانوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی اور پھول رکھے، جبکہ ملکی دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

پشاور میں یادگارِ شہداء پر سلامی

پشاور میں یومِ دفاع و شہداء کی تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران، سول انتظامیہ، جوانوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی۔

اعلیٰ فوجی افسران نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

بہاولپور میں بھی پروقار تقریب

بہاولپور میں یادگارِ شہداء پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اعلیٰ فوجی افسران نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران، سول انتظامیہ، جوانوں سمیت شہریوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

ملک بھر میں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر ہونے والی تقریبات میں شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وطن کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد رہے گی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top