سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے رنگ روڈ پر ون ویلنگ کرنے والے مزید 12 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کی موٹر سائیکلیں ٹرمینل میں بند کردی گئیں۔
چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کے مطابق ون ویلنگ کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ اپنی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے، اس خطرناک کھیل کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں اور متعدد خاندانوں کی خوشیاں غم میں بدل گئی ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ون ویلنگ سے گریز کریں، کیونکہ چند لمحوں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش عمر بھر کی معذوری یا جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔





