بنوں: دہشت گردوں نے کنگر پل پولیس چوکی پر جدید اور خودکار اسلحے سے حملہ کیا، تاہم پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس چوکی کو نشانہ بناتے ہوئے جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا، لیکن پولیس اہلکاروں نے فوراً جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو پسپا کر دیا۔ اس دوران پولیس کی اضافی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کر کے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ کنگر پل پولیس چوکی پر یہ پہلا حملہ نہیں ہے، بلکہ اس چوکی پر اس سے قبل بھی کئی بار دہشت گرد حملے ہو چکے ہیں۔ پولیس نے چوکی کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے حملوں کو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : رات گئے نامعلوم مسلح افراد کی پولیس چوکی اور تھانہ جات پر حملے
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر کی جا سکے۔