کراچی: پاک بحریہ کی آبدوز پی این ایس ایم ہنگور نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کرلی، آبدوز نے طویل فاصلے پر موجود مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائیو ویپن فائرنگ کے دوران ہنگور نے اینٹی شپ کروز میزائل کے ذریعے طویل فاصلے پر مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور آبدوز کی جنگی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے قابل اعتماد بحری دفاعی صلاحیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پاک بحریہ کی زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں اضافے کی عکاس ہے۔ پاک بحریہ قومی سمندری حدود کے تحفظ کیلئے جدید اور ہمہ وقت تیار فورس ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈی آئی خان سانحہ، وزیراعلیٰ کی آمد پر ہسپتال میں دوسرے مریضوں کیلئے دروازے بند، یہ ہمدردی نہیں پروٹوکول ہے، شہری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہنگور کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کو سراہا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جدید جنگی صلاحیتوں سے لیس پاک بحریہ قومی بحری حدود کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری قابل تحسین ہے اور بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ملکی سمندری حدود کے مؤثر دفاع کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ہنگور کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر پاک بحریہ اور اس کی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہنگور نے اینٹی شپ کروز میزائل سے طویل فاصلے کے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جو پاکستان بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاری کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے پی این ایس ہنگور کی تیاری میں عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کی قومی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی پی این ایس ایم ہنگور کے کامیاب لائیو ویپن فائرنگ تجربے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور پی این ایس ایم ہنگور سے وابستہ تمام افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دی۔
سرفراز بگٹی کے مطابق طویل فاصلے کے ہدف کو اینٹی شپ کروز میزائل سے درستگی کے ساتھ نشانہ بنانا پاک بحریہ کی جنگی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید آبدوز کی کامیاب ہتھیاروں کی فائرنگ ملک کی دفاعی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کی عکاس ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان جھڑپ، 8 خوارج ہلاک، 6 اہلکار شہید،آئی ایس پی آر
ہنگور کلاس آبدوزوں کا معاہدہ
حکومت پاکستان نے چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ (CSOC) کے ساتھ 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کا معاہدہ کیا تھا۔ معاہدے کے تحت 4 آبدوزیں چین میں تیار ہونی ہیں جبکہ دیگر 4 آبدوزیں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ (KS&EW) میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تیار کی جائیں گی۔
چین میں پاکستان کیلئے تیار کی جانے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی لانچنگ تقریب 27 اپریل 2024 کو ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ کے شوانگلیو بیس میں منعقد ہوئی، جس میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف مہمان خصوصی تھے۔
دوسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس شوشک کی لانچنگ تقریب 15 مارچ 2025 کو ووہان، چین میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی مہمان خصوصی تھے، جبکہ پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تیسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس ایم مانگرو کی لانچنگ تقریب 16 اگست 2025 کو ووہان، چین میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف پراجیکٹ-2 وائس ایڈمرل عبدالصمد مہمان خصوصی تھے۔
لانچنگ تقریبات میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ اور چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔





