بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 96 گھنٹوں کے دوران 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: پاکستان میں دہشتگردی کی سرگرمیوں میں افغان طالبان حکومت کی مبینہ شمولیت اور بھارت کی پشت پناہی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، بلوچستان میں گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران آپریشن شابان اور دیگر علاقوں میں 71 سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شابان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی نشاندہی کی، جو مقامی آبادی کیلئے خطرہ بن رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر 2026 کو زیارت اور گردونواح میں دہشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی شروع کی۔

آپریشن شابان کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور متعدد خفیہ ٹھکانے کلیئر کیے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اب تک 33 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران آپریشن میں مزید شدت لائی گئی، جس کے نتیجے میں 23 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے وسیع علاقے کو کلیئر کرلیا ہے جبکہ خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پاک بحریہ کی بڑی کامیابی، آبدوز ہنگور نے پہلی بار لائیو ویپن فائرنگ مکمل کرلی

آئی ایس پی آر کے مطابق 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں ایک الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بناتے ہوئے 11 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

مزید بتایا گیا کہ مند میں بھی سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا اور بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں آپریشن شابان اور دیگر علاقوں میں گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جسے بھارتی حمایت یافتہ افغان پراکسیز کے خلاف اہم کارروائی قرار دیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت انسداد دہشتگردی مہم مکمل عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

Scroll to Top