شمالی وزیرستان: خیبر پختونخوا میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر کی گئی کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے فتنہ الخوارج کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کے بعد شمالی وزیرستان اور گردونواح میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے نتیجے میں 5 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 2 دہشتگرد زخمی ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں دہشتگرد عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جا رہی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
صدر مملکت کی سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
دریں اثنا صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور بورڈ نے ایس ایس سی سالانہ دوم کے متعدد پرچے ملتوی کردیے
صدر مملکت نے سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اور مؤثر کارروائیاں دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کے مطابق عزمِ استحکام ویژن کے تحت دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اور ملک میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔





