لاہور: پنجاب حکومت نے پراونشل مینجمنٹ سروس (پی ایم ایس) امتحان میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں کے لیے عمر کی حد اور امتحانات میں شرکت کے مواقع بڑھا دیے ہیں، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کے مطابق پی ایم ایس امتحان میں شرکت کے لیے امیدواروں کی زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 30 سال سے بڑھا کر 32 سال کردی گئی ہے، جبکہ امتحان میں شرکت کے لیے ملنے والے مواقع بھی 3 سے بڑھا کر 4 کردیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عمر کی حد اور چانسز میں یہ اضافہ مستقل نہیں بلکہ 2026 اور 2027 کے پی ایم ایس امتحانات کے لیے ون ٹائم رعایت کے طور پر کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے یہ فیصلہ پنجاب سول سرونٹس ایکٹ 1974 کے سیکشن 23 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے کیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب نے متعلقہ قواعد و ضوابط میں موجود کسی بھی امر کے باوجود پی ایم ایس امیدواروں کے لیے عمر اور امتحانی چانسز میں اضافے کی منظوری دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گداگری کیلئے خواتین، بچوں اور معذور افراد کو پشاور لانے کا انکشاف
تازہ نوٹیفکیشن کے ذریعے پنجاب حکومت نے 19 اگست 2026 کو جاری کیا گیا سابقہ نوٹیفکیشن نمبر No.SOR-I(S&GAD)9-2/2022 واپس لینےکا بھی اعلان کیا ہے۔
نیا نوٹیفکیشن 2 اکتوبر 2026 کو لاہور سے جاری کیا گیا، جس کی نقول اطلاع اور ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں، حکام اور اداروں کو بھجوا دی گئی ہیں۔
حکومت کے اس فیصلے کے بعد 2026 اور 2027 کے پی ایم ایس امتحانات میں شرکت کے خواہشمند ایسے امیدوار بھی اہل ہوسکیں گے جو نئی مقرر کردہ عمر کی حد اور اضافی چانسز کے معیار پر پورا اترتے ہیں۔





