چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک خصوصی ویڈیو بیان میں سعودی عرب میں مقیم تمام پاکستانی شہریوں کو وہاں کے سیکیورٹی قوانین اور سرکاری ہدایات کی سخت پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے پاکستانیوں کو بالخصوص حوثی باغیوں کے ڈرون حملوں، ان کے خلاف ہونے والی کارروائیوں، ملبے، سیکیورٹی تنصیبات اور دیگر حساس مقامات کی تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ اور شیئر کرنے سے مکمل طور پر گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانیوں کو خبردار کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر قانون کے منافی تبصروں، افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات کو پھیلانے سے باز رہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حساس سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر سیکیورٹی تنصیبات یا بدامنی کے واقعات کی معلومات اور مواد شیئر کرنا سعودی وزارتِ داخلہ کی ہدایات اور مقامی قوانین کی شدید ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر کے آئینی اختیارات کو چیلنج کرنے والے پہلے آئین کا مطالعہ کریں،احمد کریم کنڈی
انہوں نے تمام مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ایک ذمہ دار شہری کا کردار ادا کریں اور کسی بھی ایسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جو ان کے اپنے لیے یا دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات کے لیے مسائل پیدا کرنے کا سبب بنے۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے اختتام پر دہرایا کہ سعودی عرب ہمارا مقدس برادر ملک اور ارضِ حرمین شریفین ہے، جس کی سلامتی، احترام اور قوانین کی پاسداری تمام پاکستانیوں پر لازمی ہے۔





