سعودی عرب پر حملے ناقابلِ قبول، پاکستان سعودی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے مسلسل دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے برادر ملک سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا اور شہری زخمی ہوئے۔

شہباز شریف نے سعودی مسلح افواج اور اتحادی افواج کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے اور بے گناہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے اور اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترجمان پاک فوج نے سعودی عرب میں پاکستانی دستوں کی تصدیق کردی

انہوں نے سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حوثی ملیشیا پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر حملے بند کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان ان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

Scroll to Top