ثمر ہارون بلور کو خیبرپختونخوا میں اہم ذمہ داری مل گئی

مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور قومی اسمبلی کی رکن ثمر ہارون بلور کو خیبرپختونخوا کے انتظامی امور سے متعلق تشکیل دی گئی مشاورتی کونسل میں شامل کر لیا گیا ہے، انہیں صوبے میں اطلاعات کے شعبے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

وفاقی حکومت نے 11 اکتوبر 2026 کے آئینی اعلان کے تناظر میں خیبرپختونخوا کے حکومتی امور سے متعلق وفاقی حکمنامہ نمبر 1/2026 جاری کر دیا ہے، جس کے تحت صوبے کے انتظامی معاملات چلانے کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل تشکیل دی گئی ہے۔

ثمر ہارون بلور مشاورتی کونسل میں اطلاعات کے شعبے کے امور دیکھیں گی، کونسل میں مختلف شعبوں کے ماہرین اور تجربہ کار شخصیات کو شامل کیا گیا ہے تاکہ صوبے کے انتظامی معاملات کو مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔

حکمنامے کے مطابق، خیبرپختونخوا میں آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد وفاقی حکومت نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔

اس انتظام کے تحت گورنر خیبرپختونخوا وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کے امور انجام دیں گے اور اس سلسلے میں مشاورتی کونسل کی معاونت حاصل کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کی صورتحال پر عطا اللہ تارڑ کے اہم انکشافات

11 رکنی مشاورتی کونسل میں ثمر ہارون بلور کے علاوہ طارق محمود پاشا، ڈاکٹر عامر عبداللہ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، ڈاکٹر سرفراز علی، عامر جاوید، ڈاکٹر ایم ارشاد، کفایت اللہ، طیب قریشی، عثمان سیف اللہ خان اور آصف رفیق شامل ہیں۔

وفاقی حکمنامے کے تحت ثنا اللہ ایڈووکیٹ کو خیبرپختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل بھی مقرر کیا گیا ہے۔

حکمنامے میں واضح کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے امور آئینی دفعات اور خیبرپختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔ وفاقی حکومت کا جاری کردہ حکمنامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

Scroll to Top