جنوبی کوریا کے صنعتی شہر السّان میں کیمیائی مصنوعات تیار کرنے والے ایک پلانٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت قریبی پیٹروکیمیکل منصوبے پر کام کرنے والے تقریباً 7 ہزار کارکنوں کو فوری طور پر وہاں سے نکال لیا گیا، واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
عالمی میڈیا کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق 9 بج کر 41 منٹ پر لگی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ پلانٹ کے بیرونی حصے میں نصب ایک ذخیرہ ٹینک سے شروع ہوئی، جس میں تقریباً 8 ہزار لیٹر ٹولوئین موجود تھا۔ یہ ایک انتہائی آتش گیر کیمیائی مادہ ہے۔
آگ کے دوران اڑنے والے انگاروں نے قریبی تنصیب کے گھاس سے ڈھکے حصے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ نزدیک موجود دیگر کیمیائی ذخیرہ ٹینکوں تک شعلے پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ پلانٹ میں موجود تمام ملازمین بروقت باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے اور کیمیائی مادے کی تیز بو پھیلنے لگی، جس پر حکام نے احتیاطی تدابیر مزید سخت کردیں۔ قریبی پیٹروکیمیکل پلانٹ کی زیر تعمیر سائٹ پر کام کرنے والے ہزاروں کارکنوں کے علاوہ ملحقہ کاروباری اداروں کے ملازمین کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
آگ کی سنگینی کے پیش نظر فائر حکام نے ملک گیر سطح پر ہنگامی ردعمل کا حکم جاری کیا، جس کے تحت آس پاس کے شہروں اور علاقوں سے خصوصی فائر فائٹنگ گاڑیاں، ہیلی کاپٹر اور 200 سے زائد اہلکار جائے وقوعہ پر طلب کیے گئے۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات اور واقعے کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ مالی و مادی نقصان کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی۔ تاحال واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔





