پشاور، دیر کالونی سکول حادثے کا مقدمہ درج کر دیا گیا

پشاورکے علاقے دیر کالونی میں اسکول کی چھتیں گرنے کے حادثے کا مقدمہ تھانہ آغہ میر جانی شاہ میں درج کر لیا گیا۔

حادثے میں 30 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر سمیت 31 افراد جاں بحق جبکہ 52 افراد زخمی ہوئے۔

مقدمے کے متن کے مطابق اسکول کی عمارت میں ناقص تعمیراتی میٹریل استعمال کیا گیا تھا اور عمارت بوسیدہ حالت میں تھی۔

بچوں کی جانب سے شکایات کیے جانے کے باوجود اسکول مالکان نے ان پر کوئی توجہ نہیں دی۔

متن میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسکول کی اراضی 16 مرلے پر مشتمل ہے، جو وحید اور جاوید کی ملکیت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاورسکول سانحہ،گورنر فیصل کریم کنڈی کا لواحقین کیلئے معاوضوں کا اعلان

حادثے کے مقدمے میں اسکول کی عمارت کے ٹھیکیدار، مالکان اور شیئر ہولڈرز کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 322، 148 اور 149 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

Scroll to Top