پشاورسکول سانحہ،گورنر فیصل کریم کنڈی کا لواحقین کیلئے معاوضوں کا اعلان

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی سکول الخیر سکول سسٹم کی عمارت زمین بوس ہونے کے المناک سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کےلیے 10،10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 2،2 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔

 گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے سانحہ کا شکار عمارت کا خود دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے بھاری مالی معاونت کا اعلان کیا اور مجرمانہ غفلت کے تمام ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دل خراش واقعے سے پورا پشاور اور صوبہ شدید غمزدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نجی سکول کے مالک کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ 

گورنر کا کہنا تھا کہ سابقہ ادوار میں کام روکنے یا ڈرامے بازی کے لیے کمیٹیاں بنائی جاتی تھیںمگر اب حقیقت سامنے لانا اور کے پی کے نظام کو سدھارنا اولین ترجیح ہے۔ 

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10، 10 لاکھ روپے اور زخمی بچوں کے لیے 2، 2 لاکھ روپے کے مالی معاوضے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی بااثر شخص یا لاپرواہ عنصر کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے عمارت کے معائنے کے بعد ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ تین منزلہ غیر معیاری عمارت کی ناقص تعمیر اور اس کی خستہ حالی کے باوجود معصوم بچوں کو بٹھانا پی ٹی آئی کے سابقہ ادوار کی بدترین انتظامی غفلت کا کھُلا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پہلی بار نائکوپ بنوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نادرا کی اہم ہدایات جاری

 انہوں نے کہا کہ سیکرٹری تعلیم کی جانب سے بڑے پیمانے پر تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت تعلیمی اداروں اور مدارس کی رجسٹریشن پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا جو ماضی میں یکسر نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے متاثرین کو مکمل تعاؤن اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے سخت ترین اصلاحات کی یقین دہانی کروائی۔

Scroll to Top