اعجاز آفریدی
پشاور: حکومت خیبر پختونخوا کے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے سول سیکریٹریٹ کے 19 افسران اور اہلکاروں کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
22 اکتوبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف صوبائی وزرا کے دفاتر سے اہلکاروں کو گورنر خیبر پختونخوا کے متعلقہ مشیروں کے دفاتر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے تحت وزیر قانون کے دفتر سے محمد طارق، منصف شاہ، عرفان اللہ اور محمد عارف کو مشیر گورنر برائے قانون کے دفتر میں تعینات کیا گیا ہے۔
ان میں محمد طارق بطور پرائیویٹ سیکریٹری اور منصف شاہ بطور پرسنل اسسٹنٹ خدمات انجام دیں گے، جبکہ عرفان اللہ اور محمد عارف بھی اسی دفتر میں تعینات ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے پانچ اضلاع میں اے آرڈی سی کے ارکان تبدیل، نئے عمائدین نامزد
اسی طرح وزیر محنت کے دفتر سے فضل داد، محمد یاسر اور محمد افضل کو مشیر گورنر برائے معدنیات و کان کنی کے دفتر میں منتقل کیا گیا ہے۔ فضل داد کو پرسنل اسسٹنٹ کے طور پر تعینات کیا گیا ہے، جبکہ دیگر دونوں اہلکار بھی مذکورہ دفتر میں اپنی خدمات انجام دیں گے۔
وزیر آبپاشی کے دفتر اور محکمہ آبپاشی سے حیدر علی، عباس عزیز، حمزہ عزیز اور جواد علی کو مشیر گورنر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے دفتر میں تعینات کیا گیا ہے۔ حیدر علی کو پرنسپل سیکریٹری جبکہ حمزہ عزیز کو پرسنل اسسٹنٹ کے طور پر تعیناتی دی گئی ہے۔
وزیر صحت کے دفتر سے ممتاز علی شاہ، محمد یوسف اور رحمت الدین کو مشیر گورنر برائے صحت کے دفتر میں منتقل کیا گیا ہے۔ تینوں اہلکار اپنے متعلقہ عہدوں اور ذمہ داریوں کے مطابق خدمات انجام دیں گے۔
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم سے نثار محمد کو مشیر گورنر برائے صنعت و تجارت کے دفتر میں پرائیویٹ سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے، جبکہ معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت کے دفتر سے محمد عرفان کو پرسنل اسسٹنٹ اور محمد جنید کو اسی دفتر میں تعینات کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں کو بڑا جھٹکا، قیمت میں نمایاں کمی
مزید برآں، وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ کے دفتر سے سید اعظم شاہ کو مشیر گورنر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ کے دفتر میں پرائیویٹ سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ کھیل و امور نوجوانان سے شیر شاہ کو اسی دفتر میں پرسنل اسسٹنٹ کے طور پر تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد فوری طور پر ہوگا۔ احکامات کی نقول اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا، متعلقہ انتظامی محکموں، گورنر کے مشیروں کے دفاتر، محکمہ ایچ آر ایم ڈی کے متعلقہ افسران اور دیگر حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تبادلے اور تقرریاں صوبائی سول سیکریٹریٹ کے انتظامی امور کے تحت کی گئی ہیں۔





