بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی ایک اور مذموم کوشش سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ و بروقت کارروائی سے مکمل طور پر ناکام بنا دی گئی ہے۔
بھارتی خفیہ ایجنسی را کے آلہ کاروں اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گوادر میں قائم ایک خالی چیک پوسٹ کو بزدلانہ انداز میں نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے کا بنیادی مقصد مقامی بلوچ عوام کے پرامن مستقبل کو متاثر کرنا اور خطے میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔ تاہم، موقع پر موجود سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور فوری جوابی اقدام کرتے ہوئے دشمن کے اس گھناؤنے منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔
فورسز اور پولیس کی جانب سے کیے گئے شدید ردعمل کے سامنے دہشت گرد ایک لمحہ بھی نہ ٹک سکے اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد کئی دہشت گرد زخمی حالت میں دم دبا کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں : نوجوانوں کو کٹنے مرنے کا درس دینے والے پی ٹی آئی ایم این اے اقبال آفریدی افغانستان فرار!
واقعے کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے تمام راستوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے پورے علاقے کا گھیراؤ کر لیا ہے، جبکہ زخمی حالت میں فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انتہائی سرگرمی سے تعاقب اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔





