کچھ یوٹیوبرز جو کچھ کررہے ہیں وہ دنیا کا کوئی معاشرہ برداشت نہیں کرسکتا، ثمر ہارون بلور

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی ثمرہارون بلور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندر اختلافات میں اتنی شدت آگئی ہے کہ گذشتہ روز صوبے کے دارالحکومت کے ایک ہال میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور صوبائی صدر جنید اکبر نے شرکت تک نہیں کی۔ مراد سعید خود کو پختونوں کا بڑا لیڈر سمجھتا ہے لیکن خود چھپا ہوا ہے۔

پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق ایم پی اے ثمرہارون بلور کا کہنا تھا کہ جاں نثاران عمران خان کے نام پر نشتر ہال میں منعقدہ پروگرام میں چلائی گئی ویڈیو مراد سعید نےہمیشہ کی طرح واش روم میں ریکارڈ کرائی، اس پروگرام میں علی امین نہ ہی جنید اکبر گروپ لوگوں نے شرکت کی۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے حالیہ بیان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ثمرہارون بلور نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے اصل تحریک اعظم سواتی، بیرسٹر گوہر، عاطف خان اور امریکہ سے آئے ڈاکٹرز چلا رہے ہیں، مراد سعید جیسے لوگوں کے بیانات خان صاحب کی رہائی کی بات پس پردہ ڈال دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے جیلیں کاٹی ہیں، ایف آئی آر کا سامنا کیا ہے اور سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنے ہیں لیکن کسی نے سیاست چھوڑی ہے نہ ہی واش روم میں بیٹھ کر ویڈیوز بنائیں ہیں ایسے لوگوں کو لیڈر کہنا پختون قوم اور سیاست دونوں کی تذلیل ہے۔

یہ  بھی پڑھیں: ثمرہارون بلور کی خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید: پی ٹی آئی کی گورننس اور کرپشن پر سوالات

ان کا کہنا تھا کہ اے این پی کے خلاف بھی پروپیگنڈے ہوئے کہ دہشت گردی کے خوف سے ملک چھوڑ کر بھاگ گئے لیکن آج بھی انکی قیادت اپنے گھروں میں عوام کے درمیان موجود ہیں جبکہ پی ٹی آئی والے ایک ایف آئی آر کے ڈر سے یا غائب ہیں اور یا ملک چھوڑ کر بھاگ چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ یوٹیوبرز جو کچھ کررہے ہیں وہ دنیا کا کوئی معاشرہ برداشت نہیں کرسکتا۔آج جو لوگ بھاگ گئے ہیں وہ دراصل بلوچستان کی خواتین سے بھی کمزور دل رکھنے والے لوگ ہیں۔ ایسے مردوں کا خود کو پشتون کہنا شرم کی بات ہے۔

پی ٹی آئی کے جلسوں پر تنقید کرتے ہوئے ثمرہارون بلور نے کہا کہ پہلے باغ، پھر سڑک پر، پھر چوکوں پر اپنے لیڈر کی رہائی کیلئے ریلیاں نکالنے والے اب ہال میں آگئے ہیں، اس کے بعد یہ ایک کمرے تک محدود ہو کر رہ جائیں گے۔

Scroll to Top