لندن: وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے سرکاری دورہ بیلاروس مکمل کرنے کے بعد لندن پہنچ گئے ہیں۔
ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود ہیں۔ دونوں رہنماؤں کو لے کر آنے والا خصوصی طیارہ لوٹن ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، جہاں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور سفارتی عملے نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
بیلاروس کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی موجودگی میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان معاشی، ماحولیاتی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
دورے کے دوران فوجی تعاون کے حوالے سے 2025ء تا 2027ء کا روڈ میپ بھی پیش کیا گیا، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں بیلاروس کے صدر کی جانب سے شریف برادران کے اعزاز میں استقبالیہ عشائیہ
اس کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے بھی ایک واضح حکمتِ عملی ترتیب دی گئی۔
وزیراعظم کا یہ دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ثابت ہوا بلکہ مختلف شعبوں میں عملی تعاون کی راہیں بھی کھول گیا ہے۔





