خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں تعمیرات کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ

پشاور۔ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے پہاڑی علاقوں میں تعمیرات کو باقاعدہ اور منظم بنانے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بے ترتیب اور بے ہنگم تعمیرات کے نتیجے میں ماحولیاتی مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے ان علاقوں میں تعمیرات کے عمل کو ریگولیٹ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں تعمیرات کے بہتر انتظام و انصرام کے لیے مخصوص اور جامع گائیڈ لائنز پر عمل درآمد ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں، اداروں اور ماہرین پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت دی ہے، جو ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی کی سربراہی میں کام کرے گا۔

ورکنگ گروپ میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، اداروں کے سربراہان، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔ یہ گروپ “ماونٹین آرکیٹیکچر گائیڈ لائنز” کے عنوان سے لاجورد نامی نجی تنظیم کی جانب سے شائع کردہ تحقیقاتی دستاویز کا تفصیلی جائزہ لے گا۔

ورکنگ گروپ ان گائیڈ لائنز کو صوبے کے ماحولیاتی، ثقافتی اور تعمیراتی تقاضوں کے مطابق ڈھالے گا، اور ان کو صوبائی قوانین اور قواعد و ضوابط کا حصہ بنانے کے لیے ضروری ترامیم تجویز کرے گا۔ مزید برآں، ورکنگ گروپ مقامی ترقیاتی اور بلدیاتی اداروں کے ذریعے ان گائیڈ لائنز کے مؤثر نفاذ کے لیے ایک عملی میکانزم بھی وضع کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مائنز اینڈ منرلز سے ایک سال میں 5 اعشاریہ 70 ارب روپے رائلٹی حاصل کی،ترجمان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

مراسلے کے مطابق ورکنگ گروپ پہاڑی علاقوں میں موجودہ اور نئی تعمیرات میں ان رہنما اصولوں کے مالی پہلوؤں کا بھی جائزہ لے گا، اور مرحلہ وار ان گائیڈ لائنز کو صوبے کے تمام پہاڑی علاقوں تک توسیع دینے کے لیے حکمت عملی تیار کرے گا۔

اس کے علاوہ، ورکنگ گروپ بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے ساتھ تکنیکی اور مالی تعاون کے لیے روابط قائم کرے گا، اور دو ماہ کے اندر وزیر اعلیٰ کو قابلِ عمل تجاویز اور ایک مکمل پلان پیش کرے گا۔

یہ اقدام وزیر اعلیٰ کی ماحولیاتی تحفظ اور منصوبہ بند ترقی کے ویژن کی ایک اہم کڑی کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کا مقصد پہاڑی علاقوں کی خوبصورتی، ثقافت اور قدرتی وسائل کا تحفظ کرتے ہوئے پائیدار تعمیرات کو فروغ دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے صوبائی ورکنگ گروپ قائم

Scroll to Top