انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدہ ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی پیز آپریشنز، انوسٹی گیشن، ہیڈ کوارٹرز، سپیشل برانچ اور ٹریننگ سمیت تمام ڈی آئی جیز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، تمام ریجنل اور ضلعی پولیس افسران بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا پولیس کی ذمہ داریوں، حکمت عملی اور عوام کے تحفظ سمیت دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر آئی جی پی نے افسران کو مختلف ہدایات جاری کیں اور اپنے اپنے ریجنز اور اضلاع میں پولیس کو ہائی الرٹ اور مستعد رہنے کے ساتھ ساتھ تا حکم ثانی تمام سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرکے سٹیشنز پرحاضر رہنے کے احکامات بھی جاری کئے۔
آئی جی پی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے پولیس کو بھر پور تیاری کا حکم دیا اور کہا کہ کشیدہ صورتحال میں ہماری اولین ترجیح اپنے عوام کا تحفظ اور انہیں کسی بھی قسم کی افراتفری اور انتشار سے بچانا ہے جس کے لیے افسران اپنے ماتحتوں کے ساتھ میٹنگ کرکے حکمت عملی مرتب کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام لائنز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان کے ساتھ مشترکہ اجلاس منعقد کرکے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کے ساتھ ساتھ تمام اسٹرٹیجک تنصیبات کی حفاظت کے لیے بھی اقدامات اٹھائیں۔
آئی جی پی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوامی تحفظ اور اپنے علاقہ اختیار میں فوجی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے، ان کی آپریشنل ضروریات کے مطابق مدد فراہم کرنے اور اسٹرٹیجک اثاثوں کی سیکیورٹی اور کسی بھی طرح کے ملک دشمن عناصر کی طرف سے ممکنہ ردعمل کی صورت میں تیار رہنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے غیر ملکیوں کی نقل و حرکت پر خصوصی نظر رکھنے اور انکی سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کرنے اور مشکوک سرگرمیوں سے متعلق انٹیلی جنس معلومات، علاقے میں گشت اور تلاشی کی کارروائیوں میں مطلوبہ تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اسی طرح کسی بھی سائبر حملے سے بچاؤ کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کرنے اور اس حوالے سے اپنے ماتحتان کو کسی بھی قسم کے غیر ضروری لنکس کھولنے اور دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر حساس تصاویر اور معلومات شیئر کرنے سے باز رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
شرکاءکو شرپسندوں کے مذموم عزائم کو بروقت خاک میں ملانے، تمام مواصلاتی نیٹ ورکس، پاورہاؤسز اور دیگر اہم تنصیبات کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی کا بھارتی حملوں کے خلاف 9 مئی کو ملک گیر یوم عزم منانے کا اعلان
آئی جی پی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ جب ملک کی بقاءاور سالمیت کا مسئلہ درپیش ہوا ، خیبر پختونخوا پولیس کسی سے بھی پیچھے نہیں رہی اور اس کے افسران و جوانان نے ہر موقع پر بڑھ چڑھ کر غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا اور اس کا واضح ثبوت حالیہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں فورس کے ہر رینک کے افسران و جوانان کی قربانیاں ہیں۔ شجاعت اور دلیری ہمیشہ اس فورس کا طرہ امتیاز رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر اس کو عملی طور پر پھر بھی دہرائیں گے۔





