ڈیڑھ سال بعد پاکستان میں ایکس کی سروس بحال

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی سروسز پاکستان بھر میں 7 مئی کو ازخود بحال کردی گئیں۔ ڈیڑھ سال بعد ایکس کو ملک میں دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔

ایکس کی سروسز فروری 2024 میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد غیر اعلانیہ طور پر معطل کر دی گئی تھیں۔ سروس کی معطلی کے خلاف متعدد شہریوں اور سماجی کارکنوں نے عدالتوں میں درخواستیں دائر کیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عدالتوں کو آگاہ کیا تھا کہ یہ اقدام وزارت داخلہ کی ہدایت پر اٹھایا گیا۔

وزارت داخلہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ انتخابات کے بعد ایکس پر کچھ عناصر نے غلط معلومات پھیلائیں، جس سے امن و امان کو خطرہ لاحق ہوا۔ ایکس کی جانب سے مشتبہ اکاؤنٹس بند نہ کیے جانے پر سروس معطل کی گئی۔

سروس کی معطلی کے دوران صارفین وی پی این کے ذریعے ایکس تک رسائی حاصل کرتے رہے۔ تاہم 7 مئی کو بھارتی حملوں اور پاکستانی افواج کے بھرپور ردعمل کے بعد حکومت نے از خود ایکس کی سروس بحال کر دی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی طیاروں کیلئے بھارت کی فضائی حدود بند، سرحدوں پر جدید جیمنگ ٹیکنالوجی کا نفاذ

پی ٹی اے نے سروس کی بحالی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ یہ بحالی مستقل ہے یا عارضی۔ پاکستان میں ایکس کے تقریباً 45 لاکھ صارفین ہیں اور یہ پلیٹ فارم سیاسی و سماجی مباحث کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

Scroll to Top