ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ انہیں بھارت اور پاکستان کی قیادت پر فخر ہے جنہوں نے حالیہ کشیدگی کے باوجود بردباری، حکمت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا اور امریکہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں بھارت اور پاکستان کی قیادت پر فخر ہے جنہوں نے حالیہ کشیدگی کے باوجود بردباری، حکمت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں نے جس ذمہ داری اور تدبر کا مظاہرہ کیا، اس سے لاکھوں بے گناہ جانیں ضائع ہونے سے بچ گئیں۔ ان کے مطابق، اگر حالات بگڑ جاتے تو یہ جارحیت ایک بڑے انسانی المیے میں تبدیل ہو سکتی تھی۔
صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’آپ کے بہادرانہ فیصلوں نے آپ کے قومی ورثے کو مزید مضبوط کیا، اور مجھے خوشی ہے کہ امریکہ اس تاریخی اور ہیروئک فیصلے تک پہنچانے میں ایک معاون کے طور پر شامل رہا۔‘‘
اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ اس بارے میں کوئی باضابطہ گفتگو نہیں ہوئی، تاہم وہ پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی جانب بڑھا جا سکتا ہے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی نے خطے میں عدم استحکام پیدا کر دیا تھا، اور عالمی برادری مسلسل فریقین سے تحمل اور بات چیت کی اپیل کر رہی ہے۔





