گرپتونت سنگھ پنوں نے کہاہے کہ بھارت کی فوج نے نریندر مودی کے حکم پر پاکستان کی مساجد پر میزائل حملے کیے اور اسلام کیخلاف کھلی جنگ کا اعلان کیا۔
سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس (ایس ایف جے) نے بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان میں مساجد پر کیے گئے حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے خاندانوں کے لیے 35 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم بھارت کے معاشی نظام کو تباہ کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کرے گی۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کی فوج نے نریندر مودی کے حکم پر پاکستان کی مساجد پر میزائل حملے کیے اور اسلام کے خلاف کھلی جنگ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایف جے بھارت کے خلاف اس وقت تک جنگ جاری رکھے گا جب تک سکھ بھارت کی ریاست کو پارہ پارہ نہیں کر دیتے۔
رہنما سکھ فار جسٹس نے مزید کہا کہ خالصتان کے حامی سکھ پاکستان کے شہیدوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور بھارتی فوج کی جانب سے مساجد اور ننکانہ صاحب پر کیے گئے حملوں کو پاک فوج نے ناکام بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کے مسلم اور سکھ مخالف اقدامات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اس کی قیمت بھارت کو ضرور ادا کرنی ہوگی۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارت کی معیشت کو تباہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی اسٹاک ایکسچینج کو گرا کر بھارتی معیشت کو مفلوج کر دیا جائے گا، کیونکہ یہ وہ ادارہ ہے جو بھارتی فوج کو فنڈز فراہم کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اگر پاکستان پر حملہ کرتا ہے تو یہ نریندر مودی اور بھارت کی آخری جنگ ہوگی۔
رہنما تحریک خالصتان نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب بھارت کے تسلط سے آزاد ہوگا اور وہاں نیا ملک بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، اور پاکستان اقوام متحدہ میں خالصتان کے حق میں ریفرنڈم کی تحریک کو آگے بڑھائے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ سکھ پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ بھارتی فوج کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پنجاب کے کینٹ ایریا میں سکھوں کی جانب سے وال چاکنگ کی جا رہی ہے، جس میں یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ سکھ پاکستان کے خلاف کسی بھی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔





