امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پیر کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو فون کریں گے جس کے بعد یوکرین کے صدر ولودمیر زیلنسکی اور نیٹو کے اتحادیوں سے رابطہ کریں گے تاکہ یوکرین جنگ کو ختم کیا جا سکے۔
ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا سائٹ ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ امید ہے کہ یہ دن نتیجہ خیز ثابت ہوگا جنگ بندی ہوگی اور یہ انتہائی پرتشدد جنگ جو کبھی ہونی ہی نہیں چاہیے تھی ختم ہو جائے گی۔
امریکی صدر کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ماسکو اور کیف کے درمیان تین سال بعد ہونے والی پہلی بات چیت ناکام ہو گئی اور جنگ بندی کا کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا۔
روسی صدر پوٹن نے زیلنسکی کی جمعہ کو ملاقات کی دعوت قبول نہ کی اور اپنی جگہ کم سطح کا وفد بھیجا جس پر زیلنسکی نے کہا کہ روس امن کی کوششوں کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا۔
بات چیت کے دوران ایک ہزار قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق ہوا ہے یوکرین کے وزیر دفاع رستم عمرؤف نے کہا کہ اگلا قدم زیلنسکی اور پوٹن کے درمیان براہ راست ملاقات ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں فلسطینیوں کی حالت ناقابل بیان ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
کرملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ روس اس ملاقات کو ممکن سمجھتا ہے لیکن یہ صرف اس وقت ہو گی جب دونوں فریقوں کے درمیان معاہدہ طے پائے گا۔





