عاطف خان کے خط پر ایکشن، مردان میونسپلٹی کا ایکسین معطل

مردان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پشاور ریجن کے صدر اور ایم این اے محمد عاطف خان نے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو اپنے دوسرے خط میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ خوردبرد پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خط موصول ہوتے ہی مردان میونسپلٹی کے ایکسین کو نوکری سے ہٹا کر معطل کر دیا گیا۔

ایم این اے عاطف خان نے مساجد کے سولر منصوبوں اور دیگر ترقیاتی اسکیموں میں خوردبرد کی تحقیقات نہ ہونے کی صورت میں نیب اور دیگر متعلقہ اداروں کو ثبوت فراہم کرنے کی دھمکی دی ہے۔

انہوں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ان کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ خط میں نگران حکومت کی جانب سے ٹھیکیداروں کو ایڈوانس ادائیگیاں کرنے پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

عاطف خان نے مطالبہ کیا کہ تمام ترقیاتی کام شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جائیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری کارروائی کریں۔

Scroll to Top