اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پیچیدہ جغرافیائی سیاسی صورتحال میں ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری معاہدہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دے سکتا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے خیرسگالی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم لیڈر کے لیے گہرے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای مسلم دنیا کی ایک نمایاں شخصیت ہیں اور امت مسلمہ ان کی رہنمائی کی طرف دیکھتی ہے۔ وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور اس کے توسیع پسندانہ عزائم سے بھی آگاہ کیا اور بھارتی جارحیت کے خلاف ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں ہے تاکہ معاشی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت ایران کے ساتھ تعلقات کو اعلیٰ ترین سطح پر لے جانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے ایران کی قیادت کی جانب سے امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات میں حکمت عملی اور دور اندیشی کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ ایک تعمیری معاہدہ طے پا جائے گا جو خطے کے امن کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر کی دعوت پر وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ ایران، تیاریاں آخری مراحل میں داخل
سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے وزیراعظم کی علاقائی امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور پاک ایران تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی ذاتی دلچسپی کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے علامہ اقبال کی شاعری سے سپریم لیڈر کی محبت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔





