پشاور، بانی کی رہائی کا کیمپ جلانے کا مقدمہ درج،ایف آئی آر میں کون شامل ؟ نام بارے پتا چل گیا

پشاور، بانی کی رہائی کا کیمپ جلانے کا مقدمہ درج،ایف آئی آر میں کون شامل ؟ نام بارے پتا چل گیا

مظاہرے کے دوران پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، تاہم پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے لگائے گئے احتجاجی کیمپ کو آگ لگانے کے واقعے پر پولیس نے نامعلوم شرپسندوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، تاہم ایف آئی آر میں پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر محمد علی باچا اور جنرل سیکرٹری کو مبینہ طور پر اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا حکومت کی مبینہ کرپشن کے خلاف پشاور کے اسمبلی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے شیلنگ کی، جواباً مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔

اسی ہنگامہ آرائی کے دوران مظاہرین نے اسمبلی چوک پر لگائے گئے پی ٹی آئی کے احتجاجی کیمپ کو نذر آتش کر دیا، جس سے علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، تاہم پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے تاحال مقدمے پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

سیاسی ماحول کی موجودہ کشیدگی کے پیش نظر پشاور میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ دونوں جماعتوں کے کارکنان کو کسی بھی قسم کی تصادم سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

Scroll to Top