علی محمد خان نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کسی غیر آئینی یا غیر قانونی اقدام کی حمایت نہیں کرتی، لیکن اپنے ووٹرز کے مینڈیٹ کی حفاظت ہر صورت کرے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستیں آئین کے مطابق ہر جماعت کو اس کے جنرل الیکشن میں حاصل کردہ ووٹوں کے تناسب سے دی جاتی ہیں، نہ اس میں کوئی کمی کی جا سکتی ہے اور نہ ہی زیادتی کی گنجائش موجود ہے۔
ایک بیان میں علی محمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس مخصوص نشستوں کا کیس ہی نہیں بنتا، جتنی نشستوں کا وہ حق رکھتے تھے، انہیں وہ دی جا چکی ہیں۔ اگر انہیں ایک بھی نشست زائد دی گئی تو یہ آئینی خلاف ورزی کے مترادف ہوگا، بالکل اسی طرح جیسے کسی جماعت کو اس کا جائز حق نہ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی مخصوص نشستوں کے آئینی حق کے لیے پرامید ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں انصاف کے مطابق ہمارا حق دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے کو قانونی طریقے سے آگے بڑھا رہے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ عدلیہ آئین اور انصاف کے مطابق فیصلہ کرے گی۔
علی محمد خان نے زور دیا کہ پی ٹی آئی کسی غیر آئینی یا غیر قانونی اقدام کی حمایت نہیں کرتی، لیکن اپنے ووٹرز کے مینڈیٹ کی حفاظت ہر صورت کرے گی۔
واضح رہے کہ عام انتخابات کے بعد مخصوص نشستوں کی تقسیم کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان قانونی اور آئینی تنازعات جاری ہیں، جن پر عدالتوں میں کارروائیاں بھی زیرِ سماعت ہیں۔





