مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم عدالتی نظام کو مفلوج کر چکی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ان رکاوٹوں کو توڑ کر عمران خان کے مقدمات کی سماعت کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے مؤقف اپنایا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی وجہ سے انصاف کی راہ میں مصنوعی دیواریں کھڑی کی گئی ہیں، جس کا فائدہ صرف اور صرف موجودہ جعلی حکومت کو ہو رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ انصاف میں تاخیر، انصاف سے انکار کے مترادف ہے، اور یہ عمل ظاہر کرتا ہے کہ عمران خان کے خلاف کیسز بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ اگر ان کیسز میں کوئی حقیقت ہوتی تو ان پر فوری کارروائی کی جاتی، لیکن تاخیری حربے دراصل عمران خان کو قید رکھنے کا ذریعہ بنائے جا رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان اس وقت جعلی حکومت کے اعصاب پر سوار ہیں، اور اُن کی ممکنہ رہائی اس حکومت کے خاتمے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے اعلان کیا کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر ایک بھرپور احتجاج کیا جائے گا، جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ انصاف کے حصول کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کی جا سکے۔





