گلیات کے خوبصورت اور قدرتی ماحول میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد ہوٹلز کو سیل کر دیا گیا، کئی ہوٹلز کو فوری اصلاحات کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت زاہد چن زیب کی ہدایت پر چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی اور ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی شاہ رخ علی کی نگرانی میں ایوبیہ، خانسپور اور چھانگلہ گلی کے علاقوں میں ہوٹلز کا معائنہ کیا گیا۔
جی ڈی اے کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل انجینئر ارسلان شوکت کی قیادت میں کی گئی اس معائنے میں ہوٹلوں کے سیوریج سسٹمز اور پانی کی ٹینکیوں کی صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
معائنہ ٹیم نے ماحولیاتی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے کئی ہوٹلز کو موقع پر ہی سیل کر دیا جبکہ معمولی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں کو اصلاح کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے۔
کارروائی صوبائی حکومت کے ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد گلیات کے قدرتی حسن اور ماحول کی حفاظت کرنا ہے۔
انجینئر ارسلان شوکت نے کہا کہ آئندہ سیاحتی سیزن میں بھی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے۔





