ڈیرہ اسماعیل خان : گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عید کے موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قوم، امت مسلمہ اور سرحدوں پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کو عید کی مبارکباد دی۔
انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 78 گھنٹوں میں دشمن کو سبق سکھانے والی فوج دہشتگردی کے خاتمے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔
گورنر نے وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ریاستی اداروں کی جانب سے نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے لیے خیبرپختونخوا کو 700 ارب روپے ملے لیکن وہ رقم کہاں گئی، کوئی جواب دینے والا نہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر الزام عائد کیا کہ ہسپتالوں، گندم اور ٹی ایم ایز میں لوٹ مار ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں کرپشن عروج پر ہے، ترقیاتی کام ٹھپ ہو چکے ہیں، سراج الحق
فیصل کنڈی نے کہا کہ رقم دھڑا دھڑ فرانس بھیجی جا رہی ہے اور عمران خان علی بابا اور چالیس چور بن چکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ٹی ایم ایز میں اوورسائٹ نہیں ہوئی اور مخصوص لابیوں سے بلوں کی منظوری ہوتی ہے۔
گورنر نے بتایا کہ میڈیا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے رواں ماہ گورنر ہاؤس پشاور میں تقریب منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ لفٹ کینال اور ڈی آئی خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا جلد افتتاح کیا جائے گا، حالانکہ صوبائی حکومت اس میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک مکمل طور پر محفوظ نہیں اور ہر واقعہ کا رخ کلاچی ہتھالہ کی طرف موڑ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے سپہ سالار کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت سے تین ماہ میں دہشتگردی ختم کی جا سکتی ہے۔
گورنر نے تحریک انصاف اور عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو آج تک سزا نہیں ملی، جبکہ ان کے پرامن احتجاج پر لاٹھی چارج ہوا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت فنڈز صرف کمیشن لینے والے ارکان کو دیتی ہے اور اپوزیشن کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے،فیصل کریم کنڈی
گورنر نے امید ظاہر کی کہ مخصوص نشستوں پر عدالتی فیصلہ اپوزیشن کے حق میں آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عید کی نماز کے بعد صدر پاکستان سے خیبرپختونخوا کے مالیاتی اسکینڈلز، امن و امان اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
گورنر نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح صوبے میں امن کا قیام اور نوجوانوں کو اسلام آباد و کراچی جیسی سہولیات کی فراہمی ہے۔