پشاور :امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں بے تحاشا کرپشن ہو رہی ہے اور ترقیاتی منصوبے مکمل طور پر ٹھپ ہو چکے ہیں۔
ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ تحریک انصاف کو خیبر پختونخوا میں اقتدار سنبھالے 12 سال ہو چکے ہیں، لیکن اب تک کوئی قابلِ ذکر کارکردگی سامنے نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جیل میں ہیں جبکہ باقی پارٹی قیادت صرف اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کابینہ اراکین کی کرپشن رپورٹ تیار، فیصلہ کون کرے گا؟ مشیروزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے پردہ اٹھا دیا
سراج الحق کا کہنا تھا کہ عوام اب سیاسی لحاظ سے باشعور ہو چکے ہیں اور جان چکے ہیں کہ دعوؤں اور نعروں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں شفاف احتساب کا نظام قائم کیا جائے اور کرپشن میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔





