اسرائیل کے ایران پر فضائی حملے، پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی شہید ہوگئے

تہران : اسرائیلی فوج کے جمعہ کی صبح کیے گئے فضائی حملے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (IRGC) کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی شہید ہو گئے۔

ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حملہ تہران کے مختلف مقامات پر کیا گیا، جس میں متعدد رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔حملے کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں، جب کہ تہران کے امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔

شہر بھر میں خوف و ہراس کی فضا ہے، جب کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کے نئے دور کے آغاز میں صرف دو دن باقی تھے۔

سیاسی مبصرین اس حملے کو ان مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔ایرانی حکومت نے حملے کو کھلی جارحیت اور ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اسرائیل کو اس کے سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔

سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حسین سلامی کی شہادت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں انقلاب کا نڈر محافظ قرار دیا۔

ادھر اسرائیلی حکام نے اس حملے کی تاحال سرکاری طور پر ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایران کی فوجی سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی۔ایران میں سرکاری سطح پر تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے، اور سیکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top