موٹروے ایم ون پر تیز بارش، اسلام آباد سے رشکئی تک ٹریفک معطل

موٹروے ایم ون پر شدید بارش نے ٹریفک کی روانی کو شدید متاثر کر دیا۔ اسلام آباد ٹول پلازہ سے رشکئی انٹرچینج تک گاڑیوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موسلا دھار بارش اور سڑک پر پھسلن کے باعث حادثات کے خدشے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے گاڑیوں کا داخلہ وقتی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور سڑکیں پھسلن کا شکار ہیں، جس سے ڈرائیونگ مزید خطرناک ہو گئی ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔

مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی معلومات یا ہنگامی صورت حال میں موٹروے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ پولیس نے متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ موٹروے کا متاثرہ حصہ حالات معمول پر آنے تک بند رہے گا۔

Scroll to Top