انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس اور سانحہ 9 مئی کے دیگر مقدمات کی سماعت بغیر کسی پیش رفت کے ملتوی کر دی گئی۔
نجی ٹی وی چینل( ایکسپریس نیوز) کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو کیسز کی سماعت ہوئی، تاہم کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ ہو سکی۔ جی ایچ کیو حملے سے متعلق مقدمے کی سماعت اب 3 جولائی کو اڈیالہ جیل میں ہوگی، جہاں جیل ٹرائل کیا جائے گا۔
سماعت کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل، راجا بشارت اور ایمان طاہر عدالت میں پیش ہوئے۔
سانحہ 9 مئی سے متعلق دیگر 11 مقدمات میں بھی کوئی کارروائی نہ ہو سکی، اور عدالت نے ان کیسز کی سماعت بھی 3 جولائی تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد متعدد اہم سیاسی شخصیات اور کارکنان کے خلاف دہشت گردی، جلاؤ گھیراؤ اور ریاستی اداروں پر حملے کے الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے، جن کی سماعتیں مختلف مراحل میں جاری ہیں۔





