ایران میں محصور 7 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی، پاک فوج کا مثالی کردار

ایران میں محصور 7 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی، پاک فوج کا مثالی کردار

ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران ایران میں محصور 7 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں، جن میں طلباء، زائرین اور عام مسافر شامل تھے، کو بحفاظت وطن واپس لایا گیا۔ اس اہم قومی خدمت میں پاکستان آرمی نے کلیدی اور مثالی کردار ادا کیا۔

ایران میں غیر یقینی صورتحال اور سفری خطرات کے باعث پاکستانی شہری شدید ذہنی اور جسمانی پریشانیوں کا شکار تھے۔ ان مشکل حالات میں پاک فوج نے سول انتظامیہ، ضلعی اداروں، پولیس، ایف آئی اے اور کسٹمز کے ساتھ مربوط اور منظم حکمت عملی اپنائی، جس کے تحت گوادر بارڈر پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔

سرحدی علاقوں میں سکیورٹی، طبی سہولیات، عارضی رہائش، خوراک اور محفوظ نقل و حمل کے جامع اور مؤثر انتظامات کیے گئے، تاکہ ہر شہری کو بحفاظت، باعزت اور سہولت کے ساتھ وطن واپس لایا جا سکے۔ دستاویزی کارروائیوں کو سادہ اور مؤثر بنایا گیا، جس سے واپسی کا عمل تیزی سے مکمل ہوا۔

گوادر بارڈر اس دوران قومی یکجہتی اور انسانی خدمت کی علامت بن کر ابھرا، جہاں پاک فوج کے جوانوں نے بے لوث جذبے کے تحت اپنی خدمات انجام دیں۔ ہر شہری کے چہرے پر وطن واپسی کی خوشی اور اطمینان، پاک فوج کی محنت کا ثبوت تھا۔

یہ مہم اس حقیقت کا مظہر ہے کہ پاک فوج نہ صرف ملکی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ ہر پاکستانی کی سلامتی اور فلاح کے لیے ہر مشکل وقت میں صفِ اول میں کھڑی نظر آتی ہے۔ ریاست کے شہریوں کی حفاظت، خدمت اور فلاح، افواجِ پاکستان کا اولین فریضہ ہے، اور یہ مشن اسی عزم کی عملی مثال ہے۔

Scroll to Top