پاکستان میں نئے اسلامی سال 1447 ہجری کے آغاز کے پیش نظر محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بروز بدھ منعقد ہوگا۔
اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، جب کہ ملک بھر میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے متعلقہ شہروں میں ہوں گے۔
اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (اسپارکو) کے ترجمان کے مطابق محرم الحرام کا چاند 25 جون کو سہ پہر 3 بج کر 32 منٹ پر پیدا ہو چکا ہے، اور 26 جون کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 28 گھنٹے ہوگی، جو کہ رویت کے لیے موزوں ہے۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند غروب آفتاب کے بعد تقریباً 75 منٹ تک افق پر موجود رہے گا، اس لیے چاند کی رویت کے قوی امکانات ہیں، خصوصاً ساحلی علاقوں میں چاند بآسانی دیکھا جا سکے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند کی شرعی شہادتیں حاصل کرنے کے بعد آج شب باقاعدہ اعلان کرے گی کہ نیا اسلامی سال کب شروع ہوگا اور یوم عاشورہ کون سی تاریخ کو آئے گا۔





