تہران: ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا ویڈیو بیان سامنے آگیا، جس میں انہوں نے قوم کو صہیونی حکومت پر فتح کی مبارکباد دی ہے۔
اپنے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران کے حملوں نے اسرائیل کو اس کے تمام تر دعوؤں کے باوجود زمین بوس کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی صہیونی حکومت پر حاصل فتح پر دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ امریکا نے اسرائیل کو بچانے کے لیے جنگ میں شمولیت اختیار کی، لیکن اسے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا مداخلت نہ کرتا تو اسرائیل مکمل طور پر تباہ ہو جاتا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی قوم نے متحد ہو کر اپنی فوج کا ساتھ دیا، اور امریکا کے اہم ترین فوجی اڈوں میں سے ایک، العدید ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکا کو زور دار طمانچہ مارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن میزائل اور نیوکلیئر پروگرام کا بہانہ بنا کر ایران کو دبانا چاہتے ہیں، لیکن ان کا اصل مقصد ایران کو شکست دینا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران امریکا کے بڑے فوجی اڈوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور اگر دوبارہ جارحیت ہوئی تو جواب بھی اسی شدت سے دیا جائے گا۔
سپریم لیڈر نے خبردار کیا کہ آئندہ کسی بھی جارحیت کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے کہا تھا ایران کو ہتھیار ڈال دینے چاہئیں، لیکن یہ اس کے بس کی بات نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو غزہ جنگ بندی پر متفق
انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی قوم کسی صورت ہتھیار نہیں ڈالے گی، کیونکہ وہ ایک مضبوط اور متحد قوم ہے۔
بیان کے اختتام پر آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی قوم، مسلح افواج اور قیادت کو اس کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایران اپنے دفاع میں کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔





