گوادر: نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی مرتبہ رات کے وقت فائر ایمرجنسی مشق کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق مشق میں فرضی ہوائی حادثے کے دوران طیارے میں لگنے والی آگ کی نقل تیار کی گئی، جس پر ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔
مشق کے دوران فوری ردعمل، ریسکیو ٹیموں کی بروقت روانگی، اور موثر کوآرڈینیشن کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بروقت ریسکیو ردعمل ممکن بنانے کے لیے تمام اداروں کے درمیان مربوط رابطہ قائم کیا گیا۔
ایمرجنسی مشق میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ٹریاژ زون بھی قائم کیا گیا، جہاں متاثرین کی درجہ بندی اور فوری علاج کا عمل مشق کا حصہ رہا۔
اس مشق میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF)، دیگر ایجنسیوں، فائر فائٹرز، طبی عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔ ٹیموں کے درمیان ہم آہنگی کا مؤثر عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔
یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ نے اے آئی سمری فیچر کے ذریعے صارفین کے لیے سہولت بڑھا دی
چیف فائر اینڈ ریسکیو آفیسر کی نگرانی میں مشق کے دوران فیلڈ کمانڈ اور ایئرپورٹ ایمرجنسی پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سینئر حکام نے مشق کے ہر پہلو کا معائنہ کیا، جبکہ رات کے اوقات میں مشق کے پیش نظر لائٹنگ، ویزبیلیٹی اور کمیونیکیشن سسٹمز کی کارکردگی کو بھی جانچا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مشق کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مشقیں ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر ردعمل کی صلاحیت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔





