صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سیلابی صورتحال نے صوبے کے مختلف اضلاع کو متاثر کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں اور فلیش فلڈز کے باعث 11 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 4 مرد، 3 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں، جبکہ سب سے زیادہ نقصان ضلع سوات میں ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر 56 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 50 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے، جبکہ 6 مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلابی کیفیت دیکھی گئی، جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ادارے نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر نوشہرہ اور چارسدہ کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پیشگی حفاظتی اقدامات کو فوری یقینی بنایا جائے۔
مزید یہ کہ ضلعی انتظامیہ کو مون سون ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے وسائل کی تیاری، امدادی ٹیموں کی دستیابی اور حساس مقامات پر نگرانی سخت کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔





